جرمنی میں توانائی کے استعمال میں 25 فیصد کمی

   

برلن : ایک نئے تخمینے کے مطابق جرمنی میں توانائی کا استعمال جرمن اتحاد کے بعد سے اپنی نچلی ترین شرح پر آ گیا ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 33برسوں میں ملک میں توانائی کا استعمال تقریباً 25 فیصد کم ہو گیا ہے۔ یہ بات یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے اور دنیا کی بڑی معیشتوں میں شمار ہونے والے ملک جرمنی میں توانائی کے استعمال سے متعلق اس سالانہ جائزے میں بتائی گئی ہے، جو سال 2023ء کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملک میں توانائی کے مجموعی سالانہ استعمال کا اندازہ ماہرین کا ایک ایسا گروپ لگاتا ہے، جس کا نام توانائی کے میزانیوں سے متعلق ورکنگ گروپ ہے۔ اس ورکنگ گروپ نے عنقریب ختم ہونے والے سال 2023ء سے متعلق اپنی تازہ ترین پیش قیاسی میں کہا ہے کہ سال رواں کے دوران جرمنی میں استعمال کی جانے والی توانائی کا مجموعہ تقریباً 7.9 فیصد کمی کے بعد 10,791 پیٹاجاؤل رہے گا۔