جرمنی میں حزب اللہ پر پابندی، اسرائیل کا خیرمقدم

   

برلن 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی نے اسلامی تحریک حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے جرمنی میں اس لبنانی شیعہ تحریک سے وابستہ چار گروپوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے بتایا ہے کہ اس تنظیم کی جرمنی میں تمام تر کارروائیاں ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد جرمن صوبوں میں حزب اللہ سے منسلک افراد کے خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ زیہوفر نے کہا کہ کورونا بحران کے باوجود ملک میں قانون کا بول بالا رہے گا۔ ایک اندازے کے مطابق جرمنی میں تقریبا پندرہ سو پچاس افراد اس تنظیم سے وابستہ ہیں۔دریں اثناء اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز جرمنی کی طرف سے حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے فیصلے کی ستائش کی ہے۔ عالمی سطح پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے تناظر میں انہوں نے اسے ایک انتہائی اہم اور معنی خیز فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس سلسلے میں یورپی یونین اور دیگر یورپی ممالک کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے کیونکہ حزب اللہ کے تمام سماجی، سیاسی اور عسکری دھڑے دہشت گرد تنظیمیں ہیں اور انہیں اس طرح سے دیکھا جانا چاہیے۔