برلن۔ جرمنی کی حکمراں جماعتوں سی ڈی یو، سی ایس یو اور ایس پی ڈی نے کئی روز کی بحث کے بعد انتخابی اصلاحات کے خاکے پر اتفاق کر لیا ہے۔ مجوزہ اصلاحات کے تحت جرمن پارلیمان میں اراکان کی تعداد کو کم کیا جائے گا۔ اس وقت جرمن پارلیمانی اراکین کی تعداد سات سو نو ہے۔ اگر اس کا موازنہ دنیا کے دیگر ممالک سے کیا جائے تو صرف چین کے پارلیمانی اراکین کی تعداد جرمنی سے زیادہ بنتی ہے۔ علاوہ ازیں اصلاحاتی کمیشن ووٹ ڈالنے کی عمر اٹھارہ سے کم کرتے ہوئے سولہ سال اور انتخابی مدت چار کی بجائے پانچ سال کرنے پر بھی اپنی تجاویز پیش کرے گا۔