برلن : جرمنی میں وفاقی دفتر استغاثہ نے عام انتخابات سے منسلک روس کے ممکنہ سائبر حملوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ وفاقی ادارے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ روسی خفیہ ایجنسی پر ان سائبر حملوں کا شبہ ہے۔ جرمنی کی وفاقی حکومت نے گذشتہ ہفتہ روس کی جانب سے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔ برلن حکومت ان مبینہ سائبر حملوں کا ذمہ دار ’گھوسٹ رائٹر‘ نامی ایک ہیکر گروہ کو ٹھہراتی ہے، جس کے پیچھے روسی ملٹری انٹیلی جنس سروس ’جی آر یو‘ ملوث ہوسکتی ہے۔