جرمنی میں روسی سائنس دان جاسوسی کے الزام میں گرفتار

   

برلن: روسی جاسوسی کا پردہ فاش کرتے ہوئے جرمنی میں وفاقی پراسیکیوٹرز نے ایک روسی سائنس دان کو ماسکو کو حساس معلومات منتقل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے ۔اس پرجرمنی کی ایک یونیورسٹی سے حساس معلومات نقد رقوم کے بدلے میں ماسکو کو فراہم کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے ۔میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق پراسیکیوٹرز نے پیر کو ایک بیان میں گرفتار مشتبہ سائنس دان کی شناخت صرف النوراین کے نام سے کی ہے اور بتایا ہے کہ اس کو گذشتہ جمعہ کو روس کی ایک خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔وہ اکتوبر2020ء سے گرفتاری تک روس کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرتا رہا تھا۔وہ جرمنی کی ایک جامعہ کے شعبہ میں نیچرل سائنسز اورٹیکنالوجی میں معاونِ تحقیق کے طور پر کام کررہا تھا لیکن اس جامعہ کا نام نہیں بتایا گیا۔جرمنی کے وفاقی پراسیکیوٹروں کو یقین ہے کہ اس سائنس دان نے اکتوبر2020ء سے جون 2021ئتک روسی انٹیلی جنس کے ایک رکن سے تین مرتبہ ملاقات کی تھی اور دومواقع پر یونیورسٹی کی حدود سے معلومات اس کارندے تک پہنچائی تھیں۔اس خدمت کے بدلے میں اس نے نقد رقم وصول کی تھی۔جرمن حکام نے گرفتاری سے قبل اس روسی کے گھر اور کام کی جگہ کی تلاشی لی تھی۔