برلن : جرمن دارالحکومت برلن میں جْمعے کے روز ایک روسی خبر رساں ادارے کے ہیڈ کوارٹر کے قریب ایک بم کے انکشاف کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ بم کو بم ڈسپوزل ماہرین کی جانب سے پھٹنے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیا گیا تھا اور اب اس کی دیگر پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔ہفتہ کے روز جرمن پولیس نے اس واقعہ کے بارے میں نئی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ روسی خبر رساں ایجنسی کو نشانہ بنانے کی کوشش کا تعلق یوکرین کی جنگ سے ہو سکتا ہے۔روسی سفارت خانے نے اعلان کیا کہ برلن میں روسی میڈیا کے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے خلاف “دھماکہ خیز مواد سے دہشت گردانہ حملہ” کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جس عمارت میں وہ رہتے ہیں وہاں سے ایک مشکوک چیز ملی ہے۔ چھان بین کے بعد دھماکہ خیز مواد کے ماہرین نے تصدیق کی کہ یہ بارودی مواد تھا جو عمارت کے طاق میں نصب کیا گیا تھا۔روسی سفارت خانے نے جرمن وزارت خارجہ کو ایک نوٹ بھیجا ہے جس میں واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔روسی وزارت خارجہ نے جرمن حکام، یورپی یونین اور نیٹو کے دیگر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پر روسی صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہم جرمن حکام، یورپی یونین اور ناٹوکے دیگر ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ روسی صحافیوں اور ان کے خاندان کے افراد کو اپنی سرزمین پر تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ جرمن حکومت اس جرم کی مکمل تحقیقات کرنے کی پابند ہے۔” .روسی وزارت خارجہ اس واقعہ کو “مغرب میں روسی میڈیا اور اس کے ملازمین پر ظلم و ستم کی ایک تازہ مثال سمجھتی ہے۔