جرمنی میں فائرنگ کے دو واقعات، 9 ہلاک

   

ہناؤ (جرمنی) ۔ 20 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کی رات دیر گئے فائرنگ کے ایک واقعہ میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک مقامی براڈکاسٹر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک حقہ لاونج میں رونما ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تلاش کی جارہی ہے۔ فائرنگ کے واقعہ میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ فائرنگ کا پہلا واقعہ تقریباً رات 10 بجے پیش آیا اور اس مقام سے ایک کالے رنگ کی کار تیزی سے نکلتے دیکھی گئی جبکہ ایک دوسرے مقام پر بھی فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا۔ پولیس نے حملہ کے پہلے مقام کی ناکہ بندی کردی ہے اور اس مقام کے اوپر ہیلی کاپٹر بھی پرواز کررہا ہے تاکہ حالات پر کڑی نظر رکھی جائے۔ فارنسک ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ اب تک پولیس نے مہلوکین کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی ہے اور نہ ہی فائرنگ کی وجوہات کا پتہ لگایا ہے۔