برلن: 31 اگست (یو این آئی) جرمنی کے اہم شہر فرینکفرٹ میں ہفتہ کے روز فلسطین حامیوں نے ریلی نکال کر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔فرینکفرٹر آلجیمین زیتونگ اخبار کے مطابق “یونائیٹڈ فور غزہ” کے نام سے ہونے والے اس احتجاج میں 10,000 سے زیادہ فلسطین حامیوں نے شرکت کی۔ پہلے یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ تقریباً 5,000 افراد شریک ہوں گے ، لیکن اس سے دوگنی بھیڑ ریلی میں پہنچی۔رپورٹ کے مطابق منتظمین نے اس احتجاج کو غزہ پٹی میں لڑائی شروع ہونے کے بعد سے شہر میں سب سے بڑی فلسطین حامی ریلی قرار دیا۔ ریلی میں شریک بعض لوگوں نے جرمنی میں پابندی عائد شدہ نعرے لگائے اور غزہ میں جاری فوجی کارروائی کو نسل کشی سے تعبیر کیا۔ اخبار کے مطابق پولیس نے کئی مرتبہ مارچ کو روکا۔