جرمنی میں لاک ڈاؤن سخت تر اور رات کا کرفیو نافذ کرنے پر غور

   


جرمنی کی وفاقی اور ریاستی حکومتیں نئے اور تبدیل شدہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ملک گیر سطح پر رات کے کرفیو کے نفاذ پر غور کر رہی ہیں۔ یہ بات جرمن چانسلر کے دفتر سے موصول ہونے والی اطلاعات سے سامنے آئی ہے۔ رات کے کرفیو کے بارے میں تاہم ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے کہ یہ کب سے نافذ العمل ہوگا یا یہ کہ ایسا کسی خاص صورتحال کے بعد ہو گا۔ منگل 19 جنوری کو جرمنی کے ریاستی وزرائے اعلیٰ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ساتھ لاک ڈاؤن میں مزید سختی کے حوالے سے صلاح و مشورہ کریں گے۔