برلن : جرمن وفاقی شماریاتی دفتر (ڈیسٹاٹس) نے پیر کو ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی میں پارٹ ٹائم کام کرنے والے افراد کی تعداد 2022 میں بڑھ کر 11.8 ملین کے قریب ہوگئی جبکہ 2010 میں یہ تعداد 9.2 ملین تھی۔پارٹ ٹائم ورکرز کی سب سے بڑی اکثریت، 9.18 ملین، خواتین کی تھی۔ ان کی تعداد میں 2010 کے مقابلے میں 22 فیصد کا اضافہ ہوا ہے لیکن سب سے زیادہ اضافہ یعنی 53 فیصد، مردوں کی تعداد میں ہوا ہے۔ پارٹ ٹائم کام کرنے والے مردوں کی تعداد بڑھ کر اب 2.6 ملین ہوگئی ہے۔ڈیسٹاٹس کے مطابق پچھلے 12سال کے دوران کل وقتی ملازمت کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ اب بڑھ کر 27.2 ملین ہوگئی ہے۔ لیکن ملازمت میں مجموعی اضافے میں پارٹ ٹائم ورکرز کا تعاون سب سے زیادہ، تقریباً 28 فیصد، رہا۔ ڈیسٹاٹس کے مطابق یہ اس بات کی علامت ہوسکتی ہے اب پارٹ ٹائم ملازمتیں کل وقتی ملازمتوں کی جگہ لے رہی ہیں۔