برلن : کورونا وائرس کی عالمی وبا شروع ہونے کے بعد جرمنی میں کسی ایک دن میں کووڈ انیس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس پیش رفت سے حکومتی حلقوں میں تشویش کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے۔جرمنی میں متعدی امراض کی روک تھام اور ریسرچ کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے چہارشنبہ کو جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسی ہزار سے زائد افراد میں کووڈ انیس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس ایک دن کے مختصر دورانیے میں 384 افراد اس بیماری کی وجہ سے ہلاک بھی ہو گئے۔اس سے قبل جرمنی میں کسی ایک دن میں سب سے زیادہ نئی انفیکشنز کی تعداد چھہتر ہزار تھی، جو چوبیس نومبر کو نوٹ کی گئی تھی۔ خیال ہے کہ سال نو اور کرسمس کی چھٹیوں کے دوران لوگوں کے ملنے ملانے اور سماجی رابطوں میں دوری اختیار نہ کرنے کی وجہ سے کووڈ انیس کے کیسوں میں یہ تازہ ڈرامائی اضافہ ہوا ہے۔دسمبر2019 میں چینی شہر ووہان سے شروع ہونے والی یہ عالمی وبا اگرچہ ماضی میں بھی جرمنی کو متاثر کر چکی ہے لیکن کسی ایک دن میں اتنے زیادہ کیس ماضی میں کبھی نوٹ نہیں کیے گئے تھے۔