برلن ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) جرمن شہر ہمبرگ میں ایک انٹیلی جنس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں 30 کے قریب مساجد اور ثقافتی مراکز لبنانی حزب اللہ ملیشیا کے قضے میں ہیں۔ خیال رہے کہ یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب گذشتہ روز جرمن حکومت نے حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ اس سے قبل امریکہ بھی حزب اللہ کو دہشت گرد گروہ قرار دے چکا ہے۔انٹیلی جنس ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس وقت جرمنی میں تقریبا 30 معروف ثقافتی ادارے اور مساجد موجود ہیں جہاں پر حزب اللہ کے حمایت یافتہ یا تنظیم کے مقررکردہ ایجنٹ کام کررہے ہیں۔فاکس نیوز کی نظروں سے گذرنے والی جرمن انٹیلی جنس حکام کی تیار کردہ 282 صفحات پر مشتمل دستاویز اور دیگر جرمن اطلاعات کے مطابق جرمنی میں حزب اللہ کے 1050 مددگار اور ارکان موجود ہیں۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ثقافتی مراکز کا کام فنڈ اکٹھا کرنا ہے۔