برلن : ایک 96 سالہ خاتون جن کے خلاف مبینہ جنگی جرائم کے لیے مقدمے کی کارروائی ہونے والی تھی، اچانک روپوش ہو گئی تھیں۔ ان پر جرمنی کے ایک نازی ڈیتھ کیمپ کی سیکرٹری ہونے کا الزام ہے۔جرمنی میں عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ ایک ضلعی عدالت نے 96 سالہ اس خاتون کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے جن پر دوسری عالمی جنگ کے دوران ہزاروں افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے اور اس سلسلے میں ان کے خلاف 30 ستمبر سے مقدمے کی سماعت شروع ہونے والی تھی۔ اس کیس کا تعلق نازی دور کے اسٹوٹ ہوف میں واقع ڈیتھ کیمپ سے ہے۔جس ضلعی عدالت میں ارمگارڈ ایف نامی خاتون کے خلاف مقدمہ درج تھا اس نے انہیں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے انہیں تلاش کر کے گرفتار کر لیا۔ عدالت اس مقدمے کی سماعت پہلے ہی آئندہ 19 اکتوبر تک ملتوی کر چکی ہے۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون سن 1943 سے 1945 تک ڈیتھ کیمپ میں بطور سیکرٹری کام کیا تھا۔