جرمنی: نومبر میں پناہ گزینوں کی آمد میں نمایاں کمی

   

برلن : حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے مقابلے میں نومبر کے مہینے میں جرمنی میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے پناہ گزینوں کی تعداد میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق، پولیس نے یکم نومبر تا 23 نومبر جرمنی کی زمینی سرحدوں پر کل 4,353 غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لیا اور 2,299 لوگوں کو سرحد سے ہی واپس لوٹا دیا۔ ریکارڈ کے مطابق اکتوبر میں 18 ہزار سے زائد غیر قانونی پناہ گزین زمینی سرحدوں کے ذریعہ جرمنی داخل ہوئے تھے۔ ان میں سے بھی زیادہ تر مہینے کے پہلے نصف حصے میں جرمنی پہنچے تھے۔ یہ اعداد و شمار بائیں بازو کی قانون ساز کلارا بئنگر کی جانب سے پارلیمان میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتائے گئے۔ ڈیٹا کے مطابق نومبر کے پہلے دو ہفتوں میں پولینڈ، چیک جمہوریہ، اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ متصل سرحدوں سے جرمنی آنے والے پناہ کے متلاشیوں کی تعداد نمایاں کمی واقع ہوئی۔ ان ممالک کی سرحدوں پر 16 اکتوبر سے فکسڈ بارڈر کنٹرول متعارف کرایا گیا تھا۔