برلن ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی نے انسانی بنیادوں پر مہاجرین قبول کرنے کا سلسلہ روکنے کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان کے حوالے سے جرمن نشریاتی ادارے فنکے میڈیا گروپ نے بتایا کہ یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے انسداد کے لیے کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق جرمن حکومت نے ملک میں داخلے کے حوالے سے سفری پابندیاں عائد کی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ انسانی بنیادوں پر مہاجرین قبول کرنے کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ عالمی ادارہ برائے مہاجرت IOM اور اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین UNHCR نے بھی منگل کو مہاجرین کو قبول کرنے کے پروگرام بند کر دیے ہیں۔