برلن ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فرینکفرٹ ریلوے اسٹیشن پر پیر کے روز ایک آٹھ سالہ بچے کی ہلاکت کے بعد بعض حکومتی حلقوں نے ٹرین اسٹیشنوں پر اضافی سکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر فوری طور پر اپنی تعطیلات منسوخ کرکے واپس برلن پہنچ گئے ہیں اور منگل کے روز ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ اس تازہ حملے کے بعد کئی حکومتی عہدیداران نے ٹرین اسٹیشنوں پر اضافی سکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ تازہ واقعہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا، جب ایک چالیس سالہ شخص نے پلیٹ فارم پر موجود ایک خاتون اور اس کے آٹھ سالہ بچے کو ایک تیز رفتار ٹرین کے سامنے دھکا دے دیا۔ اس حملے میں خاتون نے خود کو بچا لیا مگر بچہ ٹرین کی زد میں آ کر مارا گیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور نے پلیٹ فارم سے ایک اور شخص کو بھی دھکا دینے کی ناکام کوشش کی اور پھر وہاں سے فرار ہونے کوشش کر رہا تھا کہ اسٹیشن کے باہر موجود لوگوں نے اْسے پکڑ لیا۔
