جرمنی کا حیدرآباد میں گلوبل کیپابلیٹی سنٹر، 1000 افراد کو روزگار

   

قونصل جنرل جرمنی مائیکل ہاسپر کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات، مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی دعوت
حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کو ٹیکنالوجی اور اختراعی مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے جرمنی کی کمپنیوں اور ماہرین سے تعاون کی اپیل کی۔ جرمنی کے اعلیٰ سطحی وفد نے کونسل جنرل مائیکل ہاسپر کی قیادت میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد میں طلبہ کو جرمنی کی زبان سکھانے کے لئے ٹیچرس کے تقرر میں تعاون کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ حکومت ریاست میں سرمایہ کاری کے شعبہ میں جرمنی سے تعاون کی خواہاں ہے۔ اُنھوں نے جرمنی کی کمپنیوں سے درخواست کی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارما اور آٹو موبائیل جیسے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کریں۔ اُنھوں نے ٹام کام کے ذریعہ ووکیشنل تعلیم اور اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ میں تعاون کی خواہش کی۔ جرمنی کے وفد نے چیف منسٹر کو بتایا کہ DEUTSCHE BORSE کی جانب سے حیدرآباد میں توسیعی منصوبہ کے تحت گلوبل کیپابلیٹی سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے گلوبل کیپابلیٹی سنٹر کے قیام کے لئے حیدرآباد کے انتخاب پر جرمنی کے وفد سے اظہار تشکر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں مزید سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔ حکومت کی جانب سے جرمنی کے اداروں کو ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ جرمنی کے وفد نے چیف منسٹر کو بتایا کہ گلوبل کیپابلیٹی سنٹر کے قیام سے تقریباً 1000 افراد کو روزگار حاصل ہوگا اور آئندہ 2 برسوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبہ میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ جرمنی کے وفد میں ڈیوٹچی بورس کمپنی کے ڈاکٹر کرسٹو بوم اور دیگر نمائندے شامل تھے۔ چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی، وشنووردھن ریڈی اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے جرمنی کے وفد کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔1