برلن : جرمن صوبوں کی ملکی تنظیم نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کے کچھ علاقوں میں بھیڑیوں کے شکار کی قانونی اجازت ہوناچاہیے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے علاقائی سطح پر متنوع پالیسیاں بھی اپنائی جا سکتی ہیں۔ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق جرمنی میں، جو یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک اور اس بلاک کی سب سے بڑی معیشت بھی ہے، تمام 16 وفاقی صوبوں نے اس سلسلے میں یونین سے ایک باقاعدہ مطالبہ کر دیا ہے۔ اس مطالبہ میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین نے اپنے ہاں جنگی حیات کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات کے تحت جو پالیسیاں اپنا رکھی ہیں، وہ اب بہت بدل چکے حالات کے پیش نظر علاقائی بنیادوں پر ایک دوسرے سے مختلف اور متنوع بھی ہو سکتی ہیں۔ اس دلیل کے ساتھ جرمنی سے اب یورپی یونین سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ برسلز اس بات کی اجازت دے دے کہ یونین کے مختلف علاقوں میں جنگلی بھیڑیوں کا شکار قانوناً جائز ہو۔