جرمنی کو سالانہ 4 لاکھ تارکین وطن کی ضرورت

   

برلن : جرمن حکومتی اتحاد کی سب سے چھوٹی پارٹی فری ڈیموکریٹ ملک میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ملک میں امیگریشن میں اضافے کی بھر پور حمایت کرے گی۔ فری ڈیموکریٹس کے پارلیمانی پارٹی لیڈرکرسچن ڈوئیر نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ جرمنی میں ملازمین کی مانگ، اقتصادی ترقی اور فلاحی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ تارکین وطن کی تعداد کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں ایک سو ارب ڈالر پنشن کے لیے مختص کیا جارہا ہے۔ جو ظاہر کرتا ہے کہ اس ملک کی آبادی میں کم عمر اور بزرگ افراد کی تعداد میں کتنا زیادہ فرق ہے۔ یورپ کی سب سے بڑی اور دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت جرمنی میں 40 سے 59 عمر کے افراد کی تعداد قریب 24 ملین ہے، جب کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد18 ملین ہے۔ جرمنی کی کل آبادی لگ بھگ 80ملین ہے۔ ڈویئر کا کہنا تھا کہ جرمنی کی فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کے سربراہ کے مطابق جرمنی کو ہر سال 4 لاکھ تارکین وطن کی ضرورت ہے۔