دونوں ممالک میں بہتر تعلقات پر بات چیت، اسمبلی اور کونسل کی کارروائی سے واقف کرایا گیا
حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) جرمنی کے رینی لینڈ ریاست سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے آج تلنگانہ اسمبلی کا معائنہ کیا۔ جرمنی ۔ انڈیا پارلیمانی فرینڈشپ کے تحت جرمنی کے ارکان پارلیمنٹ ہندوستان کے دورہ پر ہیں۔ رینی لینڈ ریاست کے اسپیکر ہنری کے ہیرنگ کی قیادت میں ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر تلنگانہ اسمبلی جی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ڈپٹی چیرمین کونسل بنڈا پرکاش اور سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو سے ملاقات کی۔ ارکان پارلیمنٹ نے تلنگانہ میں ترقیاتی اسکیمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اسمبلی اور کونسل کی کارکردگی کے بارے میں استفسار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کے کئی موضوعات پر بات چیت کی گئی۔ اسپیکر پرساد کمار نے کہاکہ 2014 ء میں علیحدہ تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آیا اور اسمبلی کے 119 جبکہ کونسل میں 40 ارکان ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ اسمبلی میں ارکان کو عوامی مسائل پیش کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہاکہ نظام دور حکومت میں اسمبلی کی عمارت تعمیر کی گئی تھی۔ قدیم عمارت کو 49 کروڑ سے تزئین نو کرکے عنقریب قانون ساز کونسل کے لئے مختص کیا جائے گا۔ جرمنی کے ارکان پارلیمنٹ کو ریاست میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبہ جات کی ترقی کے بارے میں تفصیلات پیش کی گئیں۔ ارکان مقننہ جی ونود، سرینواس ریڈی، لکشمی کانت راؤ اور دوسرے اِس موقع پر موجود تھے۔ جرمنی کے ارکان پارلیمنٹ کو اسپیکر نے تہنیت پیش کی۔ 1