جرمن علاقہ زاؤرلینڈ میں مسلمانوں کی درجنوں قبروں کی بیحرمتی

   

برلن : جرمنی کے مغربی علاقے زاؤرلینڈ کے شہر اِیزرلوہن میں نامعلوم افراد نے ایک مقامی قبرستان کے مسلمانوں کی تدفین کے لیے مخصوص حصے میں تقریبآ تیس قبروں کی بیحرمتی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی اور بہت سے کتبے بھی گرا دیئے۔ اِیزرلوہن جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں زاؤرلینڈ کے خطے کا ایک ایسا شہر ہے، جس کی آبادی 93 ہزار کے قریب ہے۔ پولیس کے مطابق مسلمانوں کی درجنوں قبروں کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں بیحرمتی کا یہ واقعہ اس شہر کے مرکزی قبرستان کے اس حصے میں پیش آیا، جو مسلمانوں کی تدفین کے لیے مختص ہے۔ابتدائی چھان بین کے مطابق مسلمانوں کی تقریباً 30 قبروں کی بیحرمتی اور توڑ پھوڑ جمعہ 31 دسمبر اور ہفتہ یکم جنوری کے درمیان ممکنہ طور پر شام کے وقت کی گئی۔شہر ہاگن میں وفاقی دفتر استغاثہ کی مقامی شاخ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ حکام کو اس واقعہ کی اطلاع نئے سال کے پہلے دن شام کے وقت ملی اور اس کے بعد سے نامعلوم ملزمان کے خلاف چھان بین جاری ہے۔ ابھی تک اس واقعہ کے ذمہ دار ملزمان کا کوئی پتہ نہیں چلا۔