جرمن فوجی کے پاس سے ایٹمی مواد برآمد

   

برلن : جرمنی میں پولیس نے ایک حاضر سروس فوجی کے قبضے سے تابکار مواد برآمد کیا۔ اس سے قبل اسی فوجی کے گھر سے ہتھیاروں اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی قبضے میں لیا گیا تھا۔ فرینکفرٹ میں دفترِ استغاثہ کے ایک بیان کے مطابق مغربی جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا سے ملکی فوج کے ایک افسر کو ایٹمی مواد رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ اس نے اپنی رہائش گاہ پر تابکار مواد ذخیرہ کر رکھا تھا، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فوجی افسر نے یہ انتہائی خطرناک کیمیائی مادہ کیسے اور کہاں سے حاصل کیا تھا۔ پولیس اور وفاقی دفتر استغاثہ کے حکام کے علاوہ فوجی اہلکار بھی اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت میں بھی شہریوں کے پاس سے ایٹمی مواد برآمد ہوچکا ہے۔