برلن : جرمن چانسلر نے جرمن فضائیہ کے دو افسران کی گفتگو کی مبینہ ریکارڈنگ روس میں شائع ہونے کے معاملے کی فوری چھان بین کا وعدہ کیا ہے۔ ویٹیکن کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسے ’انتہائی سنجیدہ معاملہ‘ قرار دیا۔ جرمن حکام روسی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ایک آڈیو ریکارڈنگ کی تحقیقات کر رہے ہیں جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ یہ اعلیٰ جرمن فوجی عہدیداروں کی کانفرنس کال تھی اور جس میں یوکرین کے لیے ہتھیاروں کے بارے میں بات کی گئی تھی۔ یہ ریکارڈنگ منظر عام پر آنے کے بعد جرمنی میں جاسوسی کے خدشات پیدا ہو گئے اور اس معاملے پر روس کی طرف سے جرمنی سے وضاحت طلب کرنے کے مطالبات سامنے آئے۔