جرمن چانسلرمرکل عالمی قائدین کی درجہ بندی میں اب بھی سرفہرست

   

برلن : ایک عالمی سروے کے مطابق بین الاقوامی سطح پر معاملات کو حل کرنے کے حوالے سے لوگوں کو سب سے زیادہ بھروسہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی قیادت پر ہے۔ یونانیوں کو تاہم اس رائے سے اختلاف ہے۔واشنگٹن میں واقع بین الاقوامی تھنک ٹینک پیو

(PEW)

ریسرچ سینٹر کی جانب سے چہارشنبہ کے روز شائع کردہ ایک نئے سروے کے مطابق رخصت پذیر جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو جرمنی کے باہر بھی دنیا کے دیگر ملکوں میں نیک نامی حاصل ہے اور وہ جو بائیڈن، ولادیمیر پوٹن، شی جن پنگ یا ایمانوئل میکروں جیسے دیگر عالمی رہنماوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ قابل اعتماد سمجھی جاتی ہیں۔پیو ریسرچ میں کیا کہا گیا ہے؟امریکی تھنک ٹینک پیو ریسرچ سینٹر رائے شماری، آبادی کے حوالے سے تحقیق اور مواد کے تجزیے وغیرہ کام کرتا ہے۔ اس نے اپنے تازہ ترین سروے میں 16 ترقی یافتہ معیشتوں میں عالمی رہنماوں کے حوالے سے رائے شماری کرائی تھی۔اس رائے شماری میں عوام نے جرمن چانسلر پر امریکہ، روس، چین اور فرانس کے رہنماوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اعتماد کا اظہار کیا۔سروے میں حصہ لینے والے 77 فیصد افراد نے بین الاقوامی امور کے حوالے سے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے فیصلوں کی تائید کی۔ تاہم یونانیوں کی رائے اس کے برخلاف تھی۔ یونان میں سروے میں حصہ لینے والوں میں سے صرف 30 فیصد نے اعتماد کا اظہارکیا اور کہا کہ مرکل کے فیصلے درست تھے۔خیال رہیکہ یورو زون کے قرض کے بحران کی وجہ سے یونان اور جرمن حکومتوں کے درمیان تصادم کی صورت حال رہی ہے۔ ایک دہائی سے زیادہ عرصے قبل پیش آنے والے اس بحران نے یونان کی معیشت کو مفلوج کر دیا تھا۔