جرمن چانسلر مرکل کی آج آمد،وزیراعظم مودی سے بات چیت ہوگی

   

ہندوستان اور جرمنی کے درمیان 20 معاہدوں پر دستخط متوقع، انجیلا مرکل بزنس وفود سے بھی ملاقات کریں گی: جرمن قاصد
نئی دہلی ۔ 30 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انجیلا مرکل جمعرات کو شروع ہونے والے اپنے دورۂ ہند کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ باہمی مسائل پر بات چیت کریں گی اور دونوں اقوام کے درمیان تقریباً 20 معاہدوں پر دستخط متوقع ہے۔ ذرائع نے کہا کہ مرکل ہندوستانی قیادت کے علاوہ بزنس وفد کے ساتھ بھی میٹنگ منعقد کریں گی۔ دریں اثناء جرمن قاصد برائے ہندوستان والٹر لنڈنر نے کہا کہ مودی اور مرکل کا کافی اچھا رشتہ ہے اور وہ کسی بھی مسئلہ پر بات چیت کرسکتے ہیں۔ میں پہلے سے کوئی اندازے لگانا نہیں چاہتا کہ دونوں قائدین کن مسائل پر بات کریں گے۔ وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا مسئلہ کشمیر دونوں قائدین کے درمیان زیر بحث آئے گا؟ والٹر نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں جرمنی کا موقف خود استقلال رہا ہے جیسا کہ یوروپی یونین کا موقف ہے، جس نے ہندوستان اور پاکستان سے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرلینے کی اپیل کی ہے۔ نیز یہ کہ پرامن اور سیاسی حل لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف کشمیری آبادی کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔ مرکل کی مودی کے ساتھ متعدد باہمی مسائل پر بات چیت ہوگی اور دونوں ملکوں کے درمیان 20 معاہدوں پر دستخط کی توقع ہے ۔ کشمیر کو یوروپی یونین کے پالیمنٹیرینس کے دورہ کے بارے میں والٹر نے کہا کہ ای یو نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ یہ خانگی دورہ ہے اور یہی کچھ ہمارا موقف بھی ہے۔

ہمیں اس سے زیادہ کچھ پتہ نہیں کہ وہ ہندوستان آئے ہیں۔ یورپی یونین سے 23 ایم پیز کا وفد منگل کو سرینگر پہنچا اور دو روزہ دورہ میں وہ وادی کی صورتحال کا جائزہ لے گا ۔ مرکل کے دو روزہ دورہ ہندوستان کے بارے میں تفصیل فراہم کرتے ہوئے والٹر نے کہا کہ جرمن چانسلر جمعرات کی شام دہلی پہنچیں گی اور ان کے ہمراہ 12 وزارتوں کا وفد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان وزارتوں کے نمائندے بھی توقع ہے کہ اپنے ہندوستانی ہم منصب عہدیداروں کے ساتھ باہمی میٹنگس منعقد کریں گے۔ والٹر نے میڈیا والوں کو بتایا کہ اس موقع پر تبادلہ خیال کے موضوعات میں مصنوعی ذہانت، دیرپا ترقی ، شہری نقل و حرکت، زراعت اور فٹبال و دیگر شامل ہیں۔ جرمن چانسلر جمعہ کو راج گھاٹ جائیں گی اور گاندھی سمرتی کا دورہ بھی کریں گی جو 30 جنوری روڈ پر واقع مہاتما گاندھی کے لئے وقف میوزیم ہے۔ مرکل ایسی ہندوستانی خاتون شخصیتوں کے ساتھ ابھی ملاقات کریں گی جنہوں نے سماج پر اثر ڈالا ہے۔ ان شخصیتوں میں وکلاء ، بلاگرس اور اسٹارٹ اپ کی مالکین شامل ہیں۔ وہ گرگاؤں میں ایک جرمن کمپنی اور میٹرو اسٹیشن کا بھی دورہ کریں گی جس کے بعد ہفتہ ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوں گی۔ والٹر نے کہا کہ سرکاری وفد کے ساتھ مرکل کے اس دورہ کو بین حکومتی مشاورت قرار دیا جاسکتا ہے۔