جرمن چانسلر ناٹو کے مستقبل کے بارے میں اب زیادہ پرامید

   

برلن ۔ 10 مئی (ایجنسیز) جرمنی کے نئے چانسلر فریڈرش میرس نے کہا ہے کہ وہ تین ماہ قبل کے مقابلہ میں ناٹو اتحاد کے مستقبل کے بارے میں اب زیادہ پرامید ہیں۔ تب انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے رویے کے پیش نظر اس اتحاد کے وجود پر سوال اٹھایا تھا۔ برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد ناٹو کے سربراہ مارک روٹے کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میرس نے کہا کہ جو چیز تبدیل ہوئی ہے وہ ہے بطور یورپی ناٹو شراکت دار ہم جو کر رہے ہیں اس کی قبولیت۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں جون میں ہونے والے ناٹو سربراہ اجلاس کو فروری کے مقابلے میں آج زیادہ امید کے ساتھ جوڑتا ہوں… کہ ہم امریکیوں کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ ’امریکہ یورپ کی سلامتی کے لیے ناگزیر‘ برسلز میں ناٹو ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر جرمن چانسلر فریڈرک میرس نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکہ یورپ کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ میرس کے بقول ”امریکہ یورپ کی سلامتی کے لیے اہم ہے، یہ یورپ کی سلامتی کے لیے آج اور طویل المدتی اعتبار سے ناگزیر ہے۔ خیال رہے کہ ناٹو کا سربراہ اجلاس 24 اور 25 جون کو دی ہیگ، نیدرلینڈز میں منعقد ہونا ہے۔