جرمن کمپنی کو ایئر ٹیکسی بنانے کی اجازت

   

برلن: جرمن ٹیکسی مینوفیکچرر وولوکاپٹر کو جرمن حکومت کی جانب سے اڑنے والی ٹیکسیاں بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس ٹیکسی میں ایک وقت میں دو افراد سوار ہو سکیں گے۔جرمن ایئر ٹیکسی بنانے والی کمپنی ’وولوکاپٹر‘ کو جرمن حکومت کی جانب سے اڑنے والی ٹیکسیاں بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس کمپنی کی جانب سے جمعرات کی شام یہ اعلان جرمنی کے جنوب مغربی شہر کارلسروئے کے قریب واقع علاقے بروخزال میں کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں کیا گیا، جس کے مطابق اب یہ کمپنی ‘وولو سٹی’ نامی طیاروں کی ‘سیریز پروڈکشن’ یا بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ کر سکتی ہے۔اس کمپنی کے مطابق اسے وفاقی جرمن ایوی ایشن آفس سے وولو سٹی ایئر ٹیکسی بنانے کی اجازت ملی ہے اور اس ٹیکسی میں ایک وقت میں دو افراد سوار ہو سکیں گے۔وولوکاپٹر کے چیف آپریٹنگ آفیسر آندریاس فہرنگ نے اس پیشرفت کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے لئے یہ ایک سنگ میل ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ وولوکاپٹر کی پروڈکشن فیسیلٹی پر وفاقی جرمن ایوی ایشن دفتر نے اعتبار کیا ہے اور وولو سٹی بنانے کی منظوری دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹائپ سرٹیفیکشن ملنے کے بعد ہمارے صارف یہ ٹیکسیاں استعمال کر سکیں گے۔