برلن ۔ 7 اکتوبر (ایجنسیز) جرمن پولیس کے مطابق گزشتہ شب ایک صوبائی پارلیمان کی عمارت پر سپرے کی مدد سے غزہ نواز نعرے لکھ دیے گئے۔ پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق نامعلوم ملزمان نے آدھی رات کے قریب کِیل میں شلیسوِگ ہولشٹائن کی ریاستی پارلیمنٹ کی دیواروں پر تقریباً 15 نعرے درج کیے، جن میں غزہ کو آزاد کرو، اور گریٹا (تھنبرگ) و آزاد کرو‘‘ جیسے نعرے بھی شامل تھے۔ پارلیمنٹ کی صدر کرسٹینا ہیربسٹ نے اس واقعے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ہماری پارلیمنٹ کھلے جمہوری مکالمے کی نمائندگی کرتی ہے، نہ کہ توڑ پھوڑ اور دیواروں پر سیاسی نعروں کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گرافیٹی نہ صرف ایک جمہوری عمارت کی ظاہری شکل کو متاثر کرتی ہے بلکہ یہ ہم آہنگی کے مشترکہ اصولوں کے احترام کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی مسائل کی جگہ عوامی بحث میں ہونا چاہیے، نہ کہ پارلیمنٹ کی دیواروں پر۔