خانگی دواخانوں کا ہیلت کارڈس قبول کرنے سے انکار، صحافیوں کو مشکلات، سنگاریڈی میں وزیر صحت کو یادداشت
سنگاریڈی۔ 4؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس (TUWJ – IJU) سنگاریڈی ڈسٹرکٹ یونٹ کی جانب سے دامودر راج نرسمہا وزیر صحت کو آج سنگاریڈی میں ایک یادداشت پیش کی گئی جس میں جرنلسٹس ہیلت اسکیم کی موثر عمل آوری کا مطالبہ کیا گیا۔ ٹی یو ڈبلیو جے ضلع صدر بنڈارو یادگیری اور جنرل سکریٹری وشنو پرساد کی قیادت میں صحافیوں نے وزیر صحت سے ملاقات کی اور انھیں بتا یا کہ جرنلسٹس ہیلت اسکیم کی شروعات 2009 میں ہوئی اور 2019 تک اس پر بہتر انداز میں عمل کیا گیا لیکن اس کے بعد سے جرنلسٹس ہیلت اسکیم حکومت کی سرد مہری کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے ریاست تلنگانہ کے صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس اسکیم پر خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس عمل درآمد نہیں کر رہے ہیں جس سے صحافی اور ان کے خاندانوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہیلت کارڈ ہونے کے باوجود صحافیوں کو پیسے دیکر علاج کروانا پڑرہا ہے۔ چونکہ خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس حکومت کے جرنلسٹس ہیلت اسکیم کارڈس کو قبول نہیں کر رہے ہیں اور نہ ہی اس پر علاج کیا جا رہا ہے۔ مہنگا علاج صحافی کے دسترس سے باہر ہے جس کی وجہ سے کئی صحافی انتقال کر گئے اور کئی صحافی ٹھیک سے اپنا علاج نہیں کروا رہے ہیں۔ حکومت صحافیوں کے اس مسئلہ کا فوری سنجیدگی کے ساتھ نوٹ لے اور جرنلسٹس ہیلت اسکیم کی موثر عمل آوری کے لیے درکار تمام اقدامات کرے۔ ریاستی صدر وراحت علی، جنرل سکریٹری رام نارائنا اور ایم اے قادر فیصل ریاستی نائب صدر کی ہدایت پر آج ریاستی وزیر صحت کو یادداشت پیش کی گئی۔ یادگری و وشنو پرساد نے کہا کہ صحافی جو عوامی مسائل کے حل میں اہم حیثیت رکھتے ہیں انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر صحافیوں کا تعلق غریب اور متوسط طبقے سے ہے اور ان کے لیے علاج معالجہ ایک بوجھ بن گیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام اسپتالوں میں ہیلتھ اسکیم کو نافذ کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ اس موقع پر سابق میں ریاستی یونین کی جانب سے کی گئی نمائندگیوں کو بھی یاد دلایا گیا۔ یونین نمائندوں نے وزیر صحت کو بتایا کہ صرف نمس ہاسپٹل میں ہیلتھ اسکیم کے عمل کی وجہ سے بروقت اور مناسب علاج ہو رہا تھا لیکن اب اس میں بھی دقتیں پیش آرہی ہیں۔ وزیر صحت نے یونین کی نمائندگی کو بغور سماعت کیا اور اس کا مثبت جواب دیتے ہوے کہا کہ آئندہ دس تا پندرہ دنوں میں حیدرآباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کریں گے، جس میں صحافی یونین قائدین کے ساتھ ملازمین سرکار یونینوں کے رہنماؤں کو بھی بات چیت کے لیے مدعو کرتے ہوئے ہیلت اسکیم مسئلہ پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت صحافیوں کی بہبود کے عہد کی پابند ہیاور اس معاملے میں کسی شک کی ضرورت نہیں ہے۔ اس موقع پر سینئر صحافی پانوگنٹی کرشنا، این ٹی وی سرینواس، الیکٹرانک میڈیا ضلع نائب صدر محمد صدیق، ریاستی ہاؤزنگ کمیٹی رکن محمد انور، دیال، میگھ راج نائک، فوٹو جرنلسٹ محمد عارف الدین، ستیہ نارائنا اور دیگر موجود تھے۔