چار افراد گرفتار ، کثیر مقدار میں انجکشن ضبط ، پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : سٹی پولیس نے شہر میں سٹیرائیڈ انجکشن فروخت کرنے والی ایک ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے کثیر مقدار میں سٹیرائیڈ انجکشن میفاٹر مائن سلفیٹ انجکشن کو ضبط کرلیا ۔ ان انجکشن کا استعمال جسم میں ورزش کرنے والے افراد بالخصوصی نوجوان استعمال کرتے ہوئے جسم کی جسامت کو کم وقت میں ابھارنے اور اسٹائیلش نظر آنے کے لیے نوجوان اکثر ان انجکشن کا استعمال کرتے ہیں جو انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہورہے ہیں ۔ کمشنر ٹاسک فورس ساوتھ ویسٹ زون نے ایک خفیہ اطلاع پر آصف نگر پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ 38 سالہ راشد خاں عرف رمیش ، 23 سالہ محمد آفتاب حسین ساکنان نٹراج نگر جھرہ ، 22 سالہ محمد حبیب الدین عرف جنید ساکن مراد نگر اور 19 سالہ محمد رحمت ساکن ٹپہ چبوترہ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ( 217 ) 30 ایم جی آئی پی ( 10 ) ایم ایل والے میفاٹر مائن سلفیٹ انجکشن ایک سوزوکی برگمن گاڑی اور 2 موبائل فون ضبط کرلیے ۔ پولیس کے مطابق راشد خاں اس ٹولی کا اصل سرغنہ ہے جو پہلے جم چلایا کرتا تھا ۔ راشد کے خلاف میں دو مقدمات پائے جاتے ہیں ۔ اس نے بذریعہ ویب سائٹ ( انڈین مارٹ ویب سائٹ ) انجکشن کو آرڈر کیا اور بذریعہ کورئیر ان انجکشنوں کو حاصل کرنے کے بعد اپنے ساتھی آفتاب کو فروخت کرنے کے لیے دیا ۔ آفتاب نے کمیشن دینے کا لالچ دے کر ان انجکشن کو حبیب اور رحمت کے حوالے کیا ۔ اس دوران خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹاسک فورس انہیں گرفتار کرلیا اور مزید کارروائی کے لیے آصف نگر پولیس کے حوالے کردیا ۔۔ ع