نوجوان اپنے جسم کو کھوکھلا نہ کریں۔ معیاری غذا اور بہترین ورزش کا راستہ اختیار کرنے اداکار سلمان خان کا مشورہ
حیدرآباد۔18 نومبر(سیاست نیوز) جسمانی ساخت کو ظاہری طور پر مضبوط اور قابل دید بنانے کے چکر میں نوجوان اپنے جسم کی اندرونی حالت کو تباہ نہ کریں۔ جسم کی نمائش اور بہترین ورزش کیلئے معروف اداکار سلمان خان نے اسٹیرائیڈس استعمال کرتے ہوئے جسمانی ساخت کو قابل دید بنانے کی کوشش کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اسٹیرائیڈس کے استعمال کے ذریعہ اپنے جسم کو کھوکھلا نہ کریں کیونکہ جو لوگ ادویات کے استعمال کے ذریعہ جسم کو مستحکم اور مضبوط کرتے ہیں وہ کامیاب اور صحتمند جسم کے مالک نہیں ہوتے بلکہ ان کی جسمانی حالت انتہائی کمزور ہوتی ہے اور وہ اندرونی طور پر تباہ ہونے لگتے ہیں۔ سلمان خان نے کہا کہ جسم کو مستحکم اور مضبوط بنانے کیلئے ضروری ہے کہ معیاری غذاء اور بہترین ورزش کی جائے اور جہاں تک ممکن ہوسکے چکنائی وائی غذاؤں سے اجتناب کیا جائے تاکہ جسم کی ساخت میں بگاڑ نہ پیدا ہو۔ جو نوجوان ورزش کے ذریعہ اپنے جسم کو قابل دید اور نمائش کی کوشش کررہے ہیںان میں اسٹیرائیڈس کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہونے لگا ہے اور یہ غیر مجاز ادویات جو کہ جسمانی ساخت میں تبدیلی رونما کرتی ہیں وہ جابجا فروخت کی جانے لگی ہیں۔ سلمان خان نے کہا کہ ان ادویات کے استعمال سے نہ صرف جسمانی ساخت تبدیل ہوتی ہے بلکہ جسم کے اندر موجود اعضائے رئیسہ ان ادویات کے سبب تباہ ہونے لگتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ادویات کے ذریعہ جسمانی ساخت کی تبدیلی کرنے والوں کے جسم ہمیشہ مستحکم نہیں رہتے جبکہ اس کے برعکس جو لوگ ورزش کے ذریعہ اپنی جسمانی ساخت میں تبدیلی لاتے ہیں ان کے جسم طویل مدت تک صحتمند رہتے ہیں ۔ سلمان خان نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ادویات یا اسٹیرائیڈس پر انحصار کے بجائے ورزش اور معیاری بہتر غذاء کے استعمال پر توجہ دیں تاکہ بتدریج ان کے جسم میں نمایاں تبدیلی ممکن ہوسکے اگر وہ ان ادویات کے ذریعہ جلدی جسمانی ساخت میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں تو یہ تبدیلی نہ صرف نا پائیدار ہوگی بلکہ اس کے مضر اثرات تیزی کے ساتھ نمایاں ہونے لگیں گے ۔