ریاض : خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعودی نے یمن کے جسمانی طور پر آپس میں جڑے دو بچوں یوسف اور یٰسین کو فوری طور پر سعودی عرب منتقل کرنے اور ان کے علاج کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے یوسف اور یٰسین نامی بچوں کے والد محمد عبدالرحمن کو بھی بچوں کے ہمراہ سعودی عرب کی تمام سفری سہولیات فراہم کرنے اور بچوں کو شاہ عبدالعزیز میڈیکل کامپلکس میں داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔سعودی عرب کے شاہی دیوان کے مشیر اور شاہ سلمان ریلیف اینڈ ہیومنیٹیرین سینٹرکے جنرل سپر وائزر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے بتایا کہ جسمانی طور پر آپس میں جڑے بچوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کے لیے خصوصی طبی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کا فوری طور پر یمنی بچوں کے علاج کے انتظامات کے احکامات ان کے یمنی قوم کے لیے ہمدردی کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب برادر یمنی قوم کے مسائل کے حل کے لیے ہرممکن امداد فراہم کر رہا ہے۔
B