جسمانی معذورین کے حوصلہ، جرأت و صلاحیت کو تہنیت

   

راج بھون میں عالمی یوم معذورین تقریب، گورنر سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد 3 ڈسمبر (این ایس ایس) گورنر کی رہائش گاہ راج بھون میں منگل کو عالمی یوم معذورین تقریب کا روایتی جوش جذبہ اور احترام کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے معذور طلباء و طالبات نے تقریباً دو گھنٹوں تک اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس پر گورنر تمیلسائی سوندرا راجن نے خوب داد دی۔ گورنر نے اپنے مختصر خطاب میں ان بچوں سے کہاکہ ’مَیں آپ کی جرأت، حوصلہ، اعتماد، صلاحیت و مہارت کو سلام کرتی ہوں کہ آپ نے اپنی جسمانی معذوری کے باوجود عزم و ہمت کے ساتھ سماج میں خود کو ایک مثالی رول ماڈل کے طور پر متعارف کیا۔ گورنر کے ان بچوں کو اپنی طرف سے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ صدارتی انعام یافتہ ایک نابینا اسسٹنٹ گورنمنٹ پلیڈر چندرا سوپریہ نے کہاکہ وہ گزشتہ 18 سال سے ہائی کورٹ میں وکالت کررہی ہیں۔ اُنھیں تاحال ایک مقدمہ میں بھی ناکامی نہیں ہوئی ہے۔ دربار ہال میں منعقدہ اس تقریب میں ارجن ایوارڈ یافتہ بیڈمنٹن کھلاڑی سرینواس راؤ نے جو ایک حادثہ میں دونوں پاؤں سے محروم ہوگئے تھے اس تقریب میں شرکت کی۔ صدارتی ایوارڈ یافتہ بیڈمنٹن کھلاڑی انجنا ریڈی، ایشیائی سیکلنگ چمپئین آدتیہ مہتا اور دوسروں نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں گونگے بہرے اور نابینا طلبہ نے کلچرل پروگرام پیش کیا جس کو شرکاء نے خوب پسند کیا۔ گونگے اور بہرے لڑکے لڑکیوں نے اشاروں کی زبان میں قومی ترانہ پڑھا۔ گورنر نے 100 معذور بچوں میں وہیل چیر، تین پہیوں سے چلنے والی ٹرائی سیکلیں، سماعت میں معاون آلات کے علاوہ دیگر آلات، اوزار تقسیم کیں۔ علاوہ ازیں ان تمام خصوصی مہمانوں کے اعزاز میں لنچ کی ضیافت کی گئی۔