خفیہ اطلاع پر ٹاسک فورس پولیس کا مادھاپور میں دھاوا
حیدرآباد ۔ 11 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے جسم فروشی کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کردیا اور ایک خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے چنگل سے لڑکی کو آزاد کروالیا۔ گرفتار خاتون لڑکی کی پرورش کرتی تھی اور خاتون لڑکی کو بیٹی قرار دیتی ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے خفیہ اطلاع کے بعد جوبلی ہلز علاقہ میں دھاوا کیا جہاں ایک مکان میں جسم فروشی کا کاروبار جاری تھا۔ پولیس نے اس کارروائی میں 38 سالہ پی لکشمی کو گرفتار کرلیا جو فلم انڈسٹری میں جونیر آرٹسٹ کی حیثیت سے کام کرتی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ لکشمی اپنی منہ بولی بیٹی سے زبردستی جسم فروشی کروا رہی تھی۔ لڑکی جب بچپن کے مراحل سے باہر آئی لکشمی نے اس کو معاشی مجبوریوں کا حوالہ دیکر جذبات میں لایا اور لڑکی سے جسم فروشی کروانے لگی۔ لڑکی نے جب جسم فروشی سے انکار کردیا تو لکشمی نے اس پر ظلم کرنا شروع کردیا۔ پہلے تعلیم کو ترک کروادیا اور پھر اذیت دینے لگی۔ یہ منہ بولی ماں لڑکی کے جسم کو جلایا کرتی تھی تاکہ وہ جسم فروشی کیلئے آمادہ ہوجائے۔ پولیس کے مطابق لکشمی دیگر خواتین کے ذریعہ گذشتہ دو سال سے جسم فروشی کا کاروبار کررہی تھی۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ع