جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس ایس وی بھٹی کے سپریم کورٹ ججس کے طور پر تقررات‘سپریم کورٹ کالجیم کی حکومت کو سفارش

   

حیدرآباد۔/5 جولائی ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ کالجیم نے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی صدارت میں تلنگانہ ہائی کورٹ اور کیرالا ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ اجل بھویاں اور چیف جسٹس کیرالا ہائی کورٹ ایس وینکٹ نارائنا بھٹی کے ناموں کی کالجیم نے بحیثیت سپریم کورٹ ججس تقرر کی سفارش کی۔ سپریم کورٹ میں 34 ججس کی تعداد کی منظوری ہے جس میں سے 31 خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ 3 ججس وظیفہ پر سبکدوش ہوئے۔ جسٹس اجل بھویاں کا 2011 میں گوہاٹی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر تقرر کیا گیا۔ وہ 28 جون 2022 سے چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ موجودہ ججس میں سینئر ترین ہیں۔ جسٹس بھویاں نے ممبئی ہائی کورٹ میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔ جسٹس بھٹی جو کیرالا ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہیں ان کا 2013 میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں تقرر کیا گیا تھا۔ کالجیم کی سفارشات حکومت کو روانہ کردی گئی ہیں جہاں سے منظوری کے بعد صدر جمہوریہ اعلامیہ جاری کریں گی۔کالجیم جسٹس سنجے کشن کول‘سنجیوکھنہ‘بی آرگوائی اور سوریہ کانت پر مشتمل ہے ۔ر