راج بھون میں تقریب، چیف منسٹر کے سی آر، ہائی کورٹ کے ججس اور اہم شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) جسٹس الوک ارادھے نے آج چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کے عہدہ کا حلف لیا۔ کرناٹک ہائی کورٹ سے تعلق رکھنے والے جسٹس ارادھے کو گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے راج بھون میں منعقدہ تقریب میں عہدہ کا حلف دلایا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تقریب میں شرکت کی۔ جسٹس الوک ارادھے تلنگانہ ہائی کورٹ میں جسٹس اجل بھویاں کے جانشین ہیں جنہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا ہے۔ راج بھون میں تقریب حلف برداری صرف چند منٹوں کیلئے تھی اور تقریب سے قبل جسٹس ارادھے نے گورنر اور چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ انہوں نے انگریزی میں اپنے عہدہ کا حلف لیا۔حلف برداری کے فوری بعد گورنر اور چیف منسٹر نے نئے چیف جسٹس کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ 13 اپریل 1964 کو رائے پور میں جنم ہوا، اور 12 جولائی 1988 کو ایڈوکیٹ کے طور پر انرول کیا۔ انہوں نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں سیول، دستوری، کمپنی افیرس اور دیگر امور میں وکالت کی۔ 29 ڈسمبر 2009 کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا جبکہ 15 فروری 2011 کو مستقل جج کے طور پر ذمہ داری سنبھالی۔ جسٹس ارادھے نے 17 نومبر 2018 کو کرناٹک ہائی کورٹ کے جج کے طور پر حلف لیا تھا اور 3 جولائی 2022 کو کرناٹک ہائی کورٹ کے کارگذار چیف جسٹس کی ذمہ داری سنبھالی۔ تقریب حلف برداری میں ہائی کورٹ کے ججس، وکلاء کے علاوہ صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی، ریاستی وزراء محمد محمود علی، سرینواس گوڑ، اندرا کرن ریڈی، ملا ریڈی، ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر کے کیشو راؤ، ناما ناگیشورراؤ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، کمشنر پولیس سی وی آنند، میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی اور عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔