حیدرآباد۔27 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے عبوری چیف جسٹس کی حیثیت سے جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ کا تقرر عمل میں آیا ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے سینئر موسٹ جج جسٹس رام چندر راؤ کو عبوری چیف جسٹس مقرر کرتے ہوئے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے احکامات جاری کئے ۔ جسٹس رام چندر راؤ نے آج اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ 7 اگست 1966 ء کو حیدرآباد میں ان کی پیدائش ہوئی ۔ شہر کے سینٹ پالس ہائی اسکول میں ایس ایس سی تک تعلیم حاصل کی ۔ لیٹل فلاور کالج سے انٹر اور بھونس نیو سائنس کالج سے بی ایس سی کی تکمیل کی ۔ 1989 ء میں عثمانیہ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی ۔ ایل ایل بی میں نمایاں مظاہرہ کرنے پر انہیں سی وی ایس ایس اچاریہ گولڈ میڈل سے نوازا گیا تھا ۔ ستمبر 1989 ء میں انہوں نے خود کو ایڈوکیٹ کی حیثیت سے بار کونسل میں درج کرایا۔ 1991 ء میں کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ سے ایل ایل ایم کی تکمیل کی ۔ متحدہ آندھراپردیش میں انہوں نے سرکاری وکیل کی حیثیت سے خدمات انجام دی اور کئی اہم سیول کمپنی اوردیگر مقدمات کی پیروی کی ۔ 29 جون 2012 ء کو وہ متحدہ آندھراپردیش ہائی کورٹ کے جج مقرر کئے گئے ۔ ان کا شمار ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج میں ہوتا ہے، لہذا نئے چیف جسٹس کے تقرر تک انہیں اس عہدہ کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ R