جسٹس بوبڈے سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس

,

   

نئی دہلی 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت قانون نے کہا ہے کہ جسٹس شرد اروند بوبڈے کا 47 ویں چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے تقرر عمل میں آیا ہے۔ موجودہ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سبکدوشی کے ایک دن بعد 18 نومبر کو جسٹس بوبڈے اپنے نئے عہدہ کا حلف لیں گے۔ 63 سالہ جسٹس بوبڈے کی میعاد 17 ماہ رہے گی اور وہ 23 اپریل 2021 ء میں سبکدوش ہوجائیں گے۔ ان کے تقرر کے پروانے پر صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے دستخط کی تھی جس کے بعد وزارت قانون نے اعلامیہ جاری کیا۔ جس میں ہندوستانی عدلیہ کے نئے سربراہ کی حیثیت سے جسٹس بوبڈے کے تقرر کا اعلان کیا گیا تھا۔ وزارت قانون کے اعلیٰ عہدیداروں نے جسٹس بوبڈے کو ان کے تقرر سے متعلق حکمنامہ آج صبح پیش کیا۔ مروجہ ضابطہ کے مطابق چیف جسٹس گوگوئی نے ایک ماہ قبل وزارت قانون کو روانہ کردہ مکتوب میں اپنے جانشین کی حیثیت سے جسٹس بوبڈے کے نام کی سفارش کی تھی۔ عدلیہ کی رسم و روایات کے مطابق چیف جسٹس کے بعد کسی سینئر ترین جج کو ہی چیف جسٹس آف انڈیا کے جانشین کی حیثیت سے مقرر کیا جاتا ہے۔ جسٹس بوبڈے 2000 ء سے جج ہیں۔ وہ سب سے پہلے بمبئی ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج مقرر کئے گئے تھے۔ اُنھیں اکٹوبر 2012 ء میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ اپریل 2013 ء میں سپریم کورٹ جج کی حیثیت سے ترقی دی گئی تھی۔