نئی دہلی : سپریم کورٹ نے جمعہ کو دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس جینت ناتھ کو دہلی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن (ڈی ای آر سی) کا قائم مقام چیئرپرسن مقرر کیا۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت والی بنچ نے ایک ریٹائرڈ جج کے نام پر دہلی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان عدم اتفاق کے پیش نظر جسٹس ناتھ کو قائم مقام چیئرپرسن کے طور پر تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دینے کا فیصلہ کیا۔دہلی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی اور لیفٹیننٹ گورنر کی نمائندگی کرنے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل سنجے جین نے بنچ کے سامنے عدالت کے ذریعہ ایک کارگزار صدر کی تقرری پر اتفاق کیا تھا۔ جس کے بعد عدالت نے تقرری کا حکم جاری کیا۔سپریم کورٹ نے تقرری کے تنازع سے متعلق دائر درخواست پر حتمی فیصلہ آنے تک ایک قائم مقام (ایڈہاک) چیئرپرسن کا تقرر کیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے چیئرپرسن کے عہدے پر الہ آباد ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔