حیدرآباد۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کئے جانے پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں ججس، وکلاء اور عہدیداروں کی جانب سے وداعی تقریب منعقد کی گئی۔ بار کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد اور تلنگانہ بار کونسل کے صدرنشین اے نرسمہا ریڈی نے سبکدوش چیف جسٹس کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ انہوں نے فراخدلانہ موقف اختیار کیا تھا۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان نے ایک طرف سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کو اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کیلئے پابند کیا تو دوسری طرف ججس کی تعداد میں کمی سے پیدا ہونے والے تنظیمی مسائل سے نمٹنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کریمنل اپیلوں اور ضمانت کی اپیلوں سے متعلق درخواستوں کی سماعت کیلئے خصوصی بنچس قائم کئے تھے۔ چیف جسٹس نے خود کئی حبس بیجا اور احتیاطی تحویل سے متعلق مقدمات کی سماعت کی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے چیف جسٹس کی جانب سے دیئے گئے کئی اہم فیصلوں کا حوالہ دیا۔ جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان نے ججس، وکلاء اور عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ان کی خدمات کی انجام دہی میں تعاون کیا ہے۔
