جسٹس رمنا کیخلاف چیف منسٹر اے پی کی شکایت مسترد: سپریم کورٹ

,

   

نئی دہلی ۔ سپریم کورٹ نے آج جسٹس این وی رمنا کے خلاف چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کی شکایت کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ ریاستی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے ریاستی عدلیہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ جگن موہن ریڈی کی شکایت کو مسترد کرنے سے متعلق اطلاع سپریم کورٹ کے ویب سائٹ پر جاری بیان دی گئی ہے۔ بیان کے مطابق ان ہاوس انکوائری اور طریقہ کار کے تحت شکایت پر غور کرنے کے بعد اس کو مسترد کردیا گیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان ہاوس انکوائری کے تحت جن معاملات کو دیکھا جاتا ہے وہ انتہائی خفیہ نوعیت کے ہوتے ہیں اور انہیں عام نہیں کیا جاتا۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ چیف جسٹس آف انڈیا بوبڈے نے جسٹس این وی رمنا کے نام کی اپنے جانشین کے طور پر سفارش کی ہے۔ جسٹس بوبڈے 24 اپریل کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 6 اکتوبر کو جگن موہن ریڈی نے چیف جسٹس انڈیا سے یہ شکایت کی تھی۔