جسٹس ستیش چندرا شرما تلنگانہ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس

   

جسٹس پرشانت کمار مشرا اے پی کے نئے چیف جسٹس ، مختلف ہائی کورٹس کیلئے نئے ججس کا تقرر
حیدرآباد۔17 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش ہائی کورٹس کے نئے چیف جسٹس کے لئے سپریم کورٹ کالجیم نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو ناموں کی سفارش کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جسٹس ستیش چندرا شرما تلنگانہ ہائی کورٹ اور جسٹس پرشانت کمار مشرا آندھراپردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہوں گے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی چیف جسٹس ہیما کوہلی کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدہ پر ترقی ملی ہے جس کے بعد سے جسٹس ایم ایس رامچندر راؤ کارگزار چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کالجیم نے مستقل طور پر چیف جسٹس کے لئے جسٹس ستیش چندرا شرما کے نام کی سفارش کی ہے۔ آندھراپردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز جسٹس اے کے گوسوامی کا چھتیس گڑھ ہائی کورٹ تبادلہ کیا جارہا ہے اور چھتیس گڑھ کے چیف جسٹس پرشانت کمار مشرا کو آندھراپردیش کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی کالجیم نے سفارش کی ہے ۔ جسٹس ستیش چندرا شرما فی الوقت کرناٹک ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس ہیں۔ سپریم کورٹ کالجیم نے مختلف ریاستوں کے چیف جسٹس کے عہدوں کے لئے 7 ناموں کی سفارش کی ہے۔ جسٹس راجیش بندل (الہ آباد) ، جسٹس پرکاش سریواستو (کلکتہ) ، جسٹس پرشانت کمار مشرا (آندھراپردیش) ، جسٹس ریتو راج اوستھی (کرناٹک) ، جسٹس رنجیت وی مورے (میگھالیہ) ، جسٹس اروند کمار (گجرات) اور جسٹس آر وی مالی مت کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لئے سفارش کی گئی ہے۔ کالجیم نے پانچ چیف جسٹس کے تبادلہ کی سفارش کی ہے جن میں جسٹس اروپ کمار گوسوامی کو آندھراپردیش سے چھتیس گڑھ ، جسٹس محمد رفیق کو مدھیہ پردیش سے ہماچل پردیش ، جسٹس عقیل قریشی کو تریپورہ سے راجستھان ، جسٹس اندرجیت مہانتی کو راجستھان سے تریپورہ اور جسٹس بسوا ناتھ کو میگھالیہ سے سکم ہائی کورٹ تبادلہ کی سفارش کی گئی ہے۔ تلنگانہ کے نئے چیف جسٹس ستیش چندرا شرما کا تعلق بھوپال سے ہے۔ R