نئی دہلی، 30 اکتوبر (یو این آئی) جسٹس سوریہ کانت کو نیا چیف جسٹس آف انڈیا مقرر کیا گیا ہے۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے انہیں ملک کا اگلا چیف جسٹس مقرر کیا ہے ۔ وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے آج سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ اطلاع دی۔ جسٹس سوریہ کانت 24 نومبر کو حلف لیں گے۔ وہ موجودہ چیف جسٹس بی آر گوائی کی جگہ لیں گے، جو 23 نومبر کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ جسٹس گوائی نے چند روز قبل جسٹس سوریہ کانت کو اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی تھی۔ جسٹس سوریہ کانت ملک کے 53 ویں چیف جسٹس ہوں گے اور ان کی میعاد کار تقریباً 15 ماہ کی ہوگی۔ ہریانہ کے حصار میں 10 فروری 1962 ء کی پیدائش والے جسٹس سوریہ کانت فروری 2027 میں سبکدوش ہوں گے۔ وہ مئی 2019 میں سپریم کورٹ کے جج بنے تھے۔ دریں اثناء جسٹس سوریہ کانت اور ان کی اہلیہ کی خالص دولت کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اُن کے 8 کروڑ روپئے کے ایف ڈیز، اور پراویڈنٹ فنڈ میں 4.23 کروڑ ہیں۔ دونوں کی دولت میں 1.1 کیلو گرام گولڈ کے علاوہ زرعی اراضی، فلیٹس اور دیگر اثاثہ جات شامل ہیں۔
