جسٹس شمیم اختر ایس سی زمرہ بندی پر ایک رکنی جوڈیشیل کمیشن مقرر

   

60 دن میں رپورٹ پیش کی جائے گی
حیدرآباد۔/11 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر تلنگانہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس شمیم اختر کو ون میان جوڈیشیل کمیشن کے طور پر مقرر کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ این سریدھر نے جی او ایم ایس 8 جاری کیا۔ ایک رکنی جوڈیشیل کمیشن جائزہ حاصل کرنے کے 60 دن میں ریاست میں ایس سی طبقات کی زمرہ بندی پر حکومت کو رپورٹ پیش کرے گا۔ جی او میں کمیشن کے ٹرمس اینڈ ریفرینس میں کہا گیا ہے کہ ایک رکنی کمیشن ایس سی طبقہ کے ذیلی گروپس کی پسماندگی کا جائزہ لے گا اور ملازمتوں اور تعلیم میں ان کی نمائندگی کا جائزہ لے گا۔ ایس سی طبقات کی سماجی، معاشی، سیاسی اور تعلیمی پسماندگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیشن حیدرآباد اور ریاست کے دیگر مقامات پر اپنے اجلاس منعقد کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق تلنگانہ حکومت نے ریاست میں ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کی زیر صدارت کابینی سب کمیٹی نے ون میان جوڈیشیل کمیشن کی تشکیل کی سفارش کی جس کی بنیاد پر حکومت نے ریٹائرڈ جج تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس شمیم اختر کا تقرر کیا ہے۔1