نئی دہلی 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کہا ہے کہ کالجیم میں جسٹس عقیل قریشی کو بحیثیت چیف جسٹس آف مدھیہ پردیش کی حیثیت سے ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کی قیادت میں بنچ نے کہاکہ اِس حوالہ سے سپریم کورٹ کے ویب سائٹ پر جلد ہی تمام تر تفصیلات اپ لوڈ کردی جائیں گی۔ عدالت نے 28 اگسٹ کو کہا تھا کہ اُنھیں مرکزی وزارت انصاف کی جانب سے سفارشات موصول ہوئی تھیں کہ جسٹس قریشی کو ترقی دی جائے۔ واضح رہے کہ گجرات ہائیکورٹ اسوسی ایشن کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ مرکز کی جانب سے 10 مئی کو جاری کئے جانے والے سفارشات میں جسٹس قریشی کے نام کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ اِس سے پہلے 16 اگسٹ کو مرکز نے عدالت عظمیٰ کو بتایا تھا کہ وہ اِس حوالہ سے 10 مئی کو کالجیم سے مشاورت کریں گے۔ جبکہ اُس سے پہلے 2 اگسٹ کو سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے جب عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ کالجیم کے تجاویز زیرغور ہیں تو عدالت نے 14 اگسٹ کو مرکز سے کہا تھا کہ وہ اِس بارے میں فوری کوئی فیصلہ کرے۔