حیدرآباد 31 اکتوبر (یو این آئی) جسٹس وجئے سین ریڈی جج تلنگانہ ہائی کورٹ و ایڈمنسٹریٹیو جج نظام آباد یونٹ نے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں پین انڈیا قانونی بیداری مہم کا افتتاح کیا۔اس مہم کا اہتمام نالسارنئی دہلی،تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی اورڈسٹرکٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی نظام آباد کی جانب سے کیاگیا تھا۔یہ مہم 14نومبرتک جاری رہے گی۔جسٹس ریڈی نے مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی۔اس مہم کا مقصد ہر غریب شخص کو مفت قانونی امداد کی فراہمی ہے ۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ قانونی حقوق کے بارے میں معلومات فراہم کرنے ،قانونی طریقہ کار،قانونی مسائل اور قانونی تنازعات کے بارے میں آگہی کیلئے یہ مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ فوجداری، دیوانی نوعیت کے معاملات اور شادیوں کے تنازعات کے معاملات کے سلسلہ میں بیداری کے لئے یہ پروگرام کافی مددگار ہے۔ پوکسو ایکٹ کے بارے میں بھی انہوں نے تفصیلات سے واقف کروایا۔
