جسٹس پرشانت کمار مشرا آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس

   

وجئے واڑہ میں گورنر نے حلف دلایا
حیدرآباد۔/13اکٹوبر، ( سیاست نیوز) جسٹس پرشانت کمار مشرا نے آج چیف جسٹس آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے عہدہ کا حلف لیا۔ وجئے واڑہ میں منعقدہ ایک تقریب میں گورنر بشوا بھوشن ہری چندر نے انہیں حلف دلایا۔ اس موقع پر چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی، آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے ججس، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ جسٹس پرشانت کمار مشرا کا تعلق چھتیس گڑھ سے ہے۔ 29 اگسٹ 1964 کو ان کی پیدائش ہوئی۔ بلاسپور یونیورسٹی سے بی ایس سی ایل ایل بی کی تکمیل کی، 4 ستمبر 1987 کو ایڈوکیٹ کی حیثیت سے نام درج کرایا۔ انہوں نے رائے گڑھ ضلع اور چھتیس گڑھ کی عدالتوں میں پریکٹس کی۔ جنوری 2005 میں انہیں چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ کا درجہ دیا گیا۔ انہوں نے بار کونسل کے صدرنشین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ جون 2004 سے اگسٹ 2007 تک چھتیس گڑھ کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے عہدہ پر فائز رہے بعد میں انہیں ایڈوکیٹ جنرل مقرر کیا گیا۔ 10 ڈسمبر 2009 کو چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے جج مقرر کئے گئے۔ وہ کارگذار چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ سپریم کورٹ کی کالجیم نے جسٹس پرشانت کمار مشرا کو آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدہ کی سفارش کی جسے صدر جمہوریہ نے منظور کرلیا۔ر