حیدرآباد/29 اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرنے والے جسٹس پی سی گھوش کمیشن کی میعاد میں مزید ایک ماہ کی توسیع کی ہے۔ جسٹس پی سی گھوش نے کالیشورم پراجکٹ کے علاوہ اس سے مربوط بیاریجس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے کئی موجودہ اور سابق اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کرتے ہوئے ان کے بیانات قلمبند کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن اس مسئلہ پر سابق چیف منسٹر کے سی آر اور سابق وزیر آبپاشی ہریش راؤ سے پوچھ تاچھ کا منصوبہ رکھتا ہے۔ حکومت نے کمیشن کی میعاد جو 30 اپریل کو ختم ہورہی تھی 31 مئی تک توسیع کردی ہے۔ حکومت نے کمیشن کی تشکیل کے وقت 100 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی مہلت دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن نے تحقیقات کے سلسلہ میں 90 فیصد کاموں کی تکمیل کرلی ہے اور 400 صفحات پر مشتمل رپورٹ حکومت کیلئے تیار کی جارہی ہے۔1