جسٹس گوائی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کا حلف لیا

,

   

نئی دہلی، 14مئی (یو این آئی) جسٹس بی آر گوائی نے آج سپریم کورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایک تقریب میں انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیرصحت جے پی نڈا، وزیرقانون ارجن رام میگھوال، سبکدوش چیف جسٹس سنجیو کھنہ، کئی مرکزی وزرا، سپریم کورٹ کے جج اور ہائی کورٹ کے کئی سابق ججز سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر جسٹس گوائی کی اہلیہ، والدہ اور خاندان کے دیگر افراد موجود تھے ۔ چیف جسٹس کا حلف لینے کے بعد جسٹس گوائی نے اپنی والدہ کے پیر چھوکر آشیرواد لیا۔ جسٹس کھنہ منگل 13 مئی کو 51 ویں چیف جسٹس کے طور پر ریٹائر ہو گئے ۔ انہوں نے جسٹس گوائی کو بطور چیف جسٹس اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی تھی۔جسٹس گوائی کو 24 مئی 2019 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی تھی۔ وہ 23نومبر 2025 کو ریٹائر ہو جائیں گے ۔ سپریم کورٹ میں ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال ہے ۔