ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں تاہم بیماری کی علامات شدید نہیں ہیں۔جسٹن ٹروڈو نے پیر کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹسٹ مثبت آیا ہے لیکن فی الحال وہ ٹھیک محسوس کر رہے ہیں۔کینیڈا کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گھر سے ہی کام کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے تمام شہریوں کو ویکسین اور بوسٹر شاٹس لگوانے کی بھی ہدایت کی۔گزشتہ ہفتے جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے مریض سے رابطے میں آنے کے بعد وہ خود کو الگ تھلگ کر رہے ہیںانہوں نے جنوری کے آغاز میں ویکسین کی تیسری خوراک لگوائی تھی۔ خیال رہے کہ امریکہ اور کینیڈا کی سرحد سے گزرنے والے ٹرک ڈرائیورز کے لیے ویکسین لازمی قرار دینے کے خلاف احتجاج کے بعد اتوار کو وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اپنے خاندان سمیت دارالحکومت میں واقع اپنا گھر چھوڑ کر خفیہ مقام پر منتقل ہو گئے تھے۔